سرسی 6/جولائی (ایس او نیوز)سداپور کے کانسور تعلقہ میں واقع ایک مکان کے اندر محکمہ تعلیمات کی اجازت کے بغیرغیر قانونی طور پر ایک انگلش میڈیم اسکول چلایا جارہاتھا۔مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی ڈی پی آئی دیواکر شیٹی نے مذکورہ مکان پرجمعہ کے دن چھاپہ مارا اوراسکول چلانے والوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے فوری طورپر اسکول بند کرنے کا حکم دیا۔
کہاجاتا ہے کہ جس مکان میں غیر قانونی طورپرانگلش میڈیم اسکول چلایا جارہا تھاوہ بلرام نامدھاری شخص کی ملکیت ہے۔ اس پر الزام ہے کہ بچوں کے والدین سے جلد ہی انگلش میڈیم اسکول شروع کرنے کی سرکاری اجازت ملنے کی بات کہتے ہوئے پہلی جماعت میں بچوں کا داخلہ کرلیا تھا۔بلرام نامدھاری کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے والدین نے تقریباً 14بچوں کا داخلہ کروایا تھا۔ تعجب اس بات پر کیا جارہا ہے کہ سرسی اور سداپور تعلقہ پنچایت کے بعض اراکین نے بھی اپنے بچوں کا داخلہ اس غیر قانونی اسکول میں کررکھاتھا۔
کہاجاتا ہے کہ کانسور میں انگریزی میڈیم کی سخت مخالفت کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیمات نے اس سے قبل بھی کسی کو انگلش میڈیم اسکول شروع کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔چھاپہ ماری کے بعد ڈی ڈی پی آئی نے بتایا کہ بلرام نامدھاری کو سخت وارننگ دی گئی ہے اور سنیچر کے دن سے اسکول بندکرنے کاحکم دیاگیا ہے۔ سنیچر کو اسکول جاری رکھنے کی صورت میں تو ایک لاکھ روپے جرمانہ پھراس کے بعد یومیہ 10ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی بات بھی بلرام کو بتادی گئی ہے۔ اگر وہ حکم کی خلاف ورزی کریں گے تو بغیر کسی مروت کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔